جموں وکشمیر میںاسمبلی انتخابات حد بندی کے بعد
دفعہ 370کی تنسیخ کا ایک سال سنگ میل ثابت ہوا:وزیر اعظم نریندر مودی
نیوز ڈیسک
نئی دہلی//وزیراعظم نریندرمودی نے اعلان کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی حلقوں کی حد بندی مکمل ہونے کے بعد انتخابات کرائے جائیں گے۔ لال قلعہ کی فصیل سے سنیچرکی صبح 15اگست کے موقعہ پر ترنگا لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وازیر اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت وعدہ بندہے کہ جموں وکشمیر میں اپنا وزیراعلیٰ ہو اور وزیر ہوں۔ انہوں نے کہاکہ حدبندی کمیشن کاکام مکمل ہونے کے بعدمرکزی زیرانتظام علاقہ جموں وکشمیر میں الیکشن ہونگے اوروہاں اپنا وزیراعلیٰ اوروزیرہوں گے ۔انہوں نے کہا جموں کشمیر کے لوگ اسی طرح اپنا وزیر اعلیٰ اور نمائندے چن سکیں گے، جس طرح پہلے کیا کرتے تھے، تاہم انہوں نے ریاست کا درجہ بحال کرنے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔ یاد رہے جموں کشمیر کو جب مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار دیا گیا تھا تو یو ٹی اسمبلی سمیت رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں حدبندی کاعمل جاری ہے ،اورجونہی یہ مکمل ہوگا، اسمبلی انتخابات کرائے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ یہ میری سرکار کاوعدہ ہے اورہم اپناوعدہ ضرور پورا کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک برس میں جموں وکشمیر میں ترقی کاایک نیا سفرشروع ہوا ہے ،وہاں خواتین اوردلتوں کے حقوق بحال کئے گئے ،اوریہ ایک سال جموں وکشمیر میں رہنے والے رفیوجیوں کیلئے ایک باوقار اورباعزت زندگی گزارنے کی شروعات ہے ۔گزشتہ برس 15،اگست 2019کووزیراعظم مودی نے اسی جگہ خطاب کرتے ہوئے کہاتھاکہ دفعہ370کی منسوخی کافیصلہ کافی گفت وشنید اورسوچ بچار کے بعدلیاگیا ۔مودی نے تب کہاتھاکہ ہم وہاں الیکشن چاہتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر اور لداخ کو دفعہ 370 سے آزادی حاصل ہوئے کا ایک سال مکمل ہو چکا ہے اور یہ ایک سال نئی ترقی کے لئے ایک بہت اہم سنگ میل رہا ہے ۔بیک ٹو ولیج پروگراموں کی ذکر کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ ایسے پرگراموں سے سرکار کو ایک اچھا فائدہ حاصل ہوا اور انتظامیہ کے افسران کو موقعہ ملا ہے کہ گائوں گائوں جا کر لوگوں کے مسائل و مشکلات سنے جن کو بعد میں حل کر دیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ میں تہہ دل سے پنچوں اور سر پنچوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوںنے تعمیر و رقی میں اپنا کلیدی رول ادا کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوریت کی حقیقی طاقت منتخب بلدیاتی اداروں میں ہے۔ اور یہ فخر کی بات ہے کہ ان بلدیاتی اداروں کے عوامی نمائندے اپنی سرگرم شرکت اور فکر مندی سے جموں و کشمیر میں ترقیاتی عمل کو آگے پہنچایا دیا ۔انہوں نے کہا کہ لداخ کو مرکزی خطہ بنانے سے ہم نے وہاں کے عوام کی امنگوں کی قدر کرتے ہوئے ان کا دیرینہ مطالبہ کو پورا کیا ہے۔وزیراعظم نے نام لئے بغیر پاکستان اورچین کوسخت پیغام دیتے ہوئے کہاکہ ملک کی خودمختاری ،یکجہتی ،سا لمیت اورسلامتی کوچیلنج کرنے والی طاقتوں کومنہ توڑ جواب دیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری بہادر افواج لائن آف کنٹرول اورحقیقی کنٹرول لائن پراُن کواُنکی ہی زبان میں منہ توڑ جواب دے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت ہرچیلنج کامقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت اوراہلیت رکھتاہے ،پھرچاہئے وہ کسی ملک کے توسیع پسندانہ عزائم ہوںیا دہشت گردی۔