مرکز ی حکومت کی ’عوامی رابطہ مہم ‘اختتام پذیر
جموںوکشمیر میں ترقی کی نئی صبح طلو ع ہوگی:وزرا
امور داخلہ کے وزیر کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس، لیفٹیننٹ گورنر سے بھی ملاقی، اندرونی سلامتی اور امن وقانون سے متعلق اہم معاملات پر تبادلہ خیال
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//جموں وکشمیر کی عوام کے مسائل ومشکلات سننے ، انہیں حکومت کی طرف سے چلائی جارہی اسکیموں کی جانکاری فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مرکزی مالی معاونت والی اسکیموں کے تحت تعمیر کردہ پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کی غرض سے مرکزی حکومت کی ایک ہفتہ پر مبنی عوامی رابطہ مہم اختتام پذیر ہوئی۔اس دوران صوبہ جموں کے دس جبکہ کشمیر صوبہ کے چار اضلاع میں مرکزی وزرا ءمملکت نے دورے کئے، کئی اجتماعات سے خطاب کیا ۔ بیشتر وزراءنے دفعہ370کی منسوخی کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہاکہ اب جموں وکشمیر کے اندر تعمیرو ترقی کے نئے ادوار کھلے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر کی جامع تعمیر وترقی، خوشحالی کی وعدہ بند ہے اور عوام کو مکمل طور قومی دھارا میں لانے کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑا جائے گا۔ تین دنوں تک مسلسل صوبہ کشمیر کے مختلف مقامات پر تقریبات میں حصہ لینے اور اجتماعات سے خطاب کے بعد امور ِ داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت جی کشن ریڈی نے جمعہ کو یہاں سرمائی راجدھانی جموں کے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو سے ملاقات کی۔وزیر مملکت اور لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر میں اندرونی سلامتی اور امن و قانون کے اِنتظامیہ سے متعلق کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے سرحدوں کے انتظام ، یونین ٹریٹری کی اِنتظامیہ ، سینٹرل آرمڈ پولیس فورس ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کی عمل آوری اور عوامی بہبود سے متعلق معاملات پر بھی غور و خوض کیا۔اس سے قبل سرینگر میں داخلی امور کے وزیر مملکت جی کے ریڈی نے یہاں ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ میں مرکزی وزراءکے عوامی رابطہ پروگراموں کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، ڈی جی پی دلباغ سنگھ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ شالین کابرا، پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی روہت کنسل ، اے ڈی جی پی منیر خان ، ڈویژنل کمشنرجموں سنجیو ورما ، آئی جی پی جموں مکیش سنگھ ، سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمرن دیپ سنگھ، ڈائریکٹر انفارمیشن ڈاکٹر سید سحرش اصغر ، ڈپٹی کمشنر جموں سشما چوہان، ڈائریکٹر خاطر تواضع طارق احمد زرگر او ردیگر کئی افسران موجو دتھے۔میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت جی کے ریڈی نے قلیل وقت میں یہ مو¿ثر پروگرام منعقد کرانے کے لئے جموں وکشمیر انتظامیہ کی سراہنا کی۔جی کے ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی نے مرکزی سرکار کے تمام محکموں کو جموں وکشمیر کی جامع ترقی اور خطے میں سکیموں کی نتیجہ خیز عمل آوری کی ہدایات دی ہیں۔ وزیر نے کہا کہ حکومت جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کئے جاسکیں۔ انہوںنے کہا کہ اپریل کے مہینے میں جموںوکشمیر میں منعقد ہونے والا گلوبل انوسٹرس سمٹ اس سمت میں ایک موقعہ فراہم کرے گا۔وزیر نے مزید کہا کہ عوامی رابطہ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں اضلاع کو پروگرام کے دائرے میں لایا جائے گا اور اس مرحلے میں سینئر کابینی وزیر پروگراموں میں شرکت کرےںگے۔میٹنگ میں بولتے ہوئے ایل جی کے مشیر آر آر بھٹناگر نے کہا کہ براہِ راست عوامی رابطہ مہم نے زمینی سطح پر ایک مثبت تبدیلی لائی ہے اور یہ پروگرام جموںوکشمیر میں ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوگا۔اس موقعہ پر چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کہا کہ عوامی رابطہ پروگرام موجود نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی روہت کنسل نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالا ت کا اظہار کیا۔بارہمولہ ضلع کے سوپور علاقہ کے دورہ کےد وران قانون و انصاف، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ جموںوکشمیرمیں ترقی ، خوشحالی اور امن کی نئی صبح طلو ع ہوگی ۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت تمام خطوں کی یکساں اور جامع ترقی کی وعدہ بند ہے اور ہارٹیکلچر و سیاحت جیسے شعبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جارہا ہے۔ لوگوں سے خطے کی ترقی میں شراکت دار بننے کی تلقین کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ امن ، خوشحالی اور ترقی کے ذریعے جموںوکشمیر کی تقدیر بدلنے کا وقت آیا ہے۔ اُنہوں نے کشمیر کو جنت نظیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے نوجوانوں سے تلقین کی کہ وہ ترقیاتی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔سوپور علاقے کو ہارٹیکلچر کا ماخذ قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ سوپور کی فروٹ منڈی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوپور سیب کی پیداوار کی مدد سے سیاحت کو فروغ دینے میں مفید ثابت ہوسکتا ہے۔پرساد نے کہا کہ بارہمولہ ضلع کے نوجوانوں نے کھیل سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور اُن کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے سرکار ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ سوپور میں عنقریب ایک انڈور سٹیڈیم قائم کیا جائے گا۔جمہوری عمل کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کے لئے بی ڈی سیز اور دیگر پنچایتی راج اداروں کی تعریف کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ 73ویں اور 74ویں ترامیم کو مو¿ثر طور عملایا جائے گا۔ دریں اثنا تقریباً 10وفود نے مرکزی وزیر نے کے ساتھ ملاقات کی ۔ جن وفود نے مرکزی وزیر کی نوٹس میں اپنے مسائل اور مطالبات لائے ۔ ان میں انڈسٹریل ایسٹیٹ سوپور ،فروٹ ایسو سی ایشن سوپور ،ٹریڈرس فیڈریشن سوپور ، سول سوسائٹی ، جے اینڈ کے چوپان ویلفیئر ایسو سی ایشن کے علاوہ دیگر کئی وفود شامل ہیں۔اس سے قبل مرکزی وزیر نے سیلو کے مقام پر پہرو نالے پر تعمیر کئے گئے 100میٹر لمبے پُل ، وتر گام میں ٹراما سینٹر، رفیع آباد میں 33کے وی سب ریسونگ سٹیشن او ردیگر کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔سرحدی ضلع پونچھ کے دورے کے دوسرے روز سٹیل کے وزیر مملکت فگن سنگھ کلساٹے اور سماجی انصاف کے مرکزی وزیر مملکت کرشن پال گرجر نے کل بالترتیب منکوٹ اور پونچھ میں عوامی رابطہ پروگراموں میں شرکت کی۔اِن پروگراموں میں عوامی کے ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر بالیکا دیوس بھی منایا گیا جس میں بالترتیب سکول جانے والی بچیوں ، خواتین اور اپنے بچوں کو دودھ پلانے والے ماﺅں کو سکول بیگ ، کمبلیں اور بے بی کیئر کٹ دئیے گئے۔پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے راجوری ضلع کے کوٹرنکہ میں لوگوں کے مسائل سنے۔وزیر موصوف نے جموں وکشمیر میں حاصل کئے گئے ترقیاتی اہداف کا ذکر کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر خطے کے تمام علاقوں کی ترقی اور اس خطے کو ملک کی دوسری ریاستوں کے مساوی ترقی دینے کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہا کہ طبی سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے مرکزی سرکار نے جموں وکشمیر میں دو ایمز قائم کرنے کو منظوری دی ہے جس سے مقامی لوگوں کو کافی فائدہ ہوگا۔مرکزی وزیر برائے انیمل ہسبنڈری گیری راج سنگھ نے ضلع اودھم پور کے سدھ مہادیو میں عوامی رابطہ مہم کے تحت ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں بی ڈی چیئرپرسن، سپرپنچ، پنچ اور عوام بھی موجود تھے۔اُنہوں نے اودھمپور ضلع انتظامیہ کی اُن کوششوں کو سراہا جن کے تحت آیوشمان بھارت سکیم کی عمل آوری میں 83000 گولڈن کارڈ مستحقین میں تقسیم کئے گئے ۔مرکزی وزیر نے ایس بی ایم اور پی ایم اے وائی کی عمل آوری کے لئے بھی ضلع انتظامیہ کو سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ یوگا انٹرنیشنل سینٹر اور چنینی ۔ سدھ مہادیو سڑک پروجیکٹ سے علاقے میں ترقی کا نیا دودورہ ہوگا۔ بعد مرکزی وزیر نے علاقے میں ٹورسٹ کیفٹیر یا کا اِفتتاح کیا۔دریں اثنا مرکزی وزیر نے سدھ مہادیو میں شیو مندر میں حاضری دی اور ملک کے امن او رخوشحالی کے لئے دعا کی۔دورے کے دوران مرکزی وزیر نے سدھ مہادیو میں ریسونگ سٹیشن اور کیفٹیر یا کے علاوہ 14ایف سی ، ایم جی نریگا ، ایس بی ایم او رپی ایم اے وائی کے تحت عمل میں لائی جارہی کاموں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے سدھ مہادیو سے رام نگر تک سرکٹ روڈ کی تعمیر و تجدید کے کام کا سنگ بنیاد رکھا۔مرکزی وزیر برائے افرادی قوت رومیش پوکھریال نشانکھ نے ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ تقریب میں کہا کہ مرکزی حکومت جموںوکشمیر کے تعلیمی سیکٹر میں بہتری لانے کی وعدہ بند ہے ۔جموں وکشمیر کو ہندوستان کا تاج قرار دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ جموںوکشمیر کے لوگوں کی اعلیٰ صلاحیتوں کے مد نظر این سی ٹی ای ایکٹ یونین ٹریٹری میں عمل آور ہوگا تاکہ طلباءکو ماہر اساتذہ اور اساتذہ کے تربیتی ادارے دستیاب رکھے جاسکیں۔اس تقریب کا اہتمام نیشنل انشیٹیو فار سکول ہیڈس اینڈ ٹیچرس ہاسٹک ایڈوانسمنٹ ( این آئی ایس ایچ ٹی ایچ اے )کے ای ۔افتتاح کے لئے کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 180کروڑ روپے کی لاگت سے تعلیمی سیکٹر کے تحت 45دیگر پروجیکٹوں کا بھی ای ۔افتتا ح کیا گیا۔وزیر موصوف نے اس موقعہ پرسکولی تعلیم کے تحت 2468.06لاکھ روپے کی لاگت کے 16پروجیکٹوں کا افتتاح کیا ۔اعلیٰ تعلیم سیکٹر کے تحت وزیر موصوف نے 1148لاکھ روپے کی لاگت کے گورنمنٹ ڈگری کالج فار وومن زکورہ سری نگر کا افتتاح کیا۔ اسی طرح انہوں نے 2600لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی صفاپورہ کا بھی افتتاح کیا۔ مرکزی وزیرافرادی قوت رومیش پوکھری لال نیشاکھ نے سری نگر انتظامیہ اور سری نگر سمارٹ سٹی کے اشتراک سے قائم شدہ 25سمارٹ سکولوں کا افتتاح کیا۔ مرکزی وزیر نے سری نگر انتظامیہ کی ان کاوشوں کو سراہا۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما ، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، جوائنٹ سیکرٹری ایم ایچ آر ڈی ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ، وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی ، ڈپٹی کمشنر سری نگر ، این آئی ٹی ، این سی ای آر ٹی ، آئی آئی ایم کے سربرہان ، ناظم تعلیم کشمیر و دیگر افسران اس موقعہ پر موجو دتھے۔ڈپٹی کمشنر سری نگر نے سمارٹ سکولوں پر ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا۔خیال رہے کہ23جنوری کو دس وزرا ءنے صوبہ جموں کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ان میں گری راج سنگھ، سادھوی نرنجن جیوتی، رمیشور تیلی، پرشوتم روپالہ، سوم پرکاش، دھوترے سنجے شامراو¿، سریش سی انگاڑی، رینوکہ سنگھ، فگن سنگھ کلوستے اور کرشن پال گرجار شامل تھے۔ پہلی مرتبہ عوامی رابطہ مہم کے چھٹے روز لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے میراں صاحب آر ایس پورہ میں مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت وکسان بہبود پرشوتم روپالہ کے ہمراہ بھی عوامی اجتماع میں شرکت کی۔ 22جنوری کو صوبہ جموں کے مختلف علاقوں کا 9مرکزی وزراءجبکہ 21جنوری کو دس وزراءنے دورہ کیاتھا۔ اِس روز کل 13وزراءکا دورہ تھا لیکن ناسازگار موسم کی وجہ سے راجوری اور پونچھ کے تین پروگرام موخر کرنے پڑے تھے۔یاد رہے کہ ایک ہفتہ کے دوران مرکزی حکومت کی طرف سے نامزد 36 مرکزی وزرا نے جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں 18سے 24جنوری 2020تک مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کیا، کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور درجنوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ علاوہ ازیں مرکزی حکومت کی طرف سے چلائی جارہی زائد 55اسکیموں کی جانکاری عوام کو دی۔ 31وزراءنے صوبہ جموں جبکہ کشمیر میں 5وزراءنے دورے کئے جن میں مختار عباس نقوی،جی کشن ریڈی، روی شنکر پرساد، پڈنائیک وغیرہ شامل تھے۔