نئی دہلی// مرکزی کابینہ نے پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا (پی ایم جی کے وائی) کو منظوری دے دی ہے تاکہ 11.80 لاکھ کروڑ روپے سے اگلے پانچ سالوں کے لئے 81.35 کروڑ لوگوں کو مفت اناج فراہم کیا جا سکے۔منگل کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ اس اسکیم کی توسیع کا اعلان وزیر اعظم نے حال ہی میں کیا تھا۔ اصل میں یہ اسکیم کووڈ کی مدت کے دوران شروع کی گئی تھی۔ یہ اسکیم اپنی نئی شکل میں اگلے سال یکم جنوری سے شروع ہوگی۔اطلاعات اور نشریات کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے جس نے پی ایم جی کے اے وائی کو دنیا کی سب سے بڑی سماجی بہبود کی اسکیموں میں شامل کیا ہے۔ اس کا مقصد 81.35 کروڑ افراد کے لیے پانچ سال کی مدت میں 11.80 لاکھ کروڑ روپے کی فراہمی کے ساتھ خوراک اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔پی ایم جی کے اے وائی کے تحت مفت غذائی اناج (چاول، گندم اور موٹے اناج اور جوار) فوڈ سیکورٹی کو مضبوط کرے گا اور آبادی کے غریب اور کمزور طبقوں کی مدد کرے گا۔یو این آئی