سرینگر//جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر ’پی اے جی ڈی‘ کی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق سری نگر میں پی اے جی ڈی کی میٹنگ فاروق عبداللہ کی سربراہی میں منعقد ہوئی جس میں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ، نیشنل کانفرنس کے سرپرست ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، سی پی آئی ایم کے سیکریٹری ایم وائی تاریگامی اور ممبر پارلیمنٹ حسنین مسعودی نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی سیاسی صورتحال پر بھی گفت و شنید ہوئی۔میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران فاروق عبداللہ نے کہاکہ آج کی میٹنگ میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہاکہ غزہ میں بے گناہ شہریوں کا خون بہایا جارہا ہے اور اس کو روکنے کی خاطر عالمی برادری کو آگے آنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ مہاتما گاندھی کے ملک کو بھی اس پر آواز اٹھانی چاہئے۔نیشنل کانفرنس کے صدر نے زور دیا کہ غزہ میں مکمل امن و امان کی خاطر سبھی ممالک کو آگے آنا چاہئے تاکہ مزید انسانی جانیں ضائع نہ ہو سکیں۔