جموں و کشمیر کے خوشحال مستقبل کے لیے اپنی پارٹی کو مضبوط کریں:الطاف بخاری
اُڑان نیوز
ترہگام// اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے کل شمالی ضلع کپوارہ کے ترہگام حلقہ انتخاب میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی لیڈر ڈاکٹر نور الدین شاہ کو اس حلقے میں پارٹی کی قیادت کرنے کیلئے پیش کیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ اْنہیں اپنا بھر پور تعاون دیں تاکہ اس تاریخی اہمیت کے حامل علاقے کی شانِ رفتہ بحال کرنے میں اپنی پارٹی کو قوت حاصل ہو۔انہوں نے کہا، ’’ترہگام ہمیشہ سیاسی اور تاریخی اہمیت کا حامل علاقہ رہا ہے۔ تاہم روایتی سیاسی جماعتوں اور اْن کے لیڈران نے ہمیشہ اس خطے کو نظر انداز کرتے ہوئے اسے تعمیر و ترقی سے محروم رکھا ہے۔ لیکن، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر اپنی پارٹی کو اس حلقے میں آپ کا مینڈیٹ ملا تو ہم اس علاقے کی ماضی کی شان کو بحال کریں گے اور اسے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’میں ڈاکٹر نورالدین شاہ کے لیے آپ سے تعاون کی درخواست کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ ڈاکٹر نور الدین شاہ صاحب آپ کے مفادات کی مؤثر نمائندگی کر نے اور اس حلقے کو ترقی سے ہمکنار کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ وہ کسی سیاسی خانوادے سے تعلق نہیں رکھتے ہیں بلکہ وہ آپ میں سے ہی ایک ہیں۔‘‘اْن کا کہنا تھا کہ ’’سڑکوں کے نیٹ ورک اور صنعتی اداروں کے قیام سے اس خطے کو خوشحالی سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے اور اس طرح سے یہاں روزگار کے وافر مواقعہ بھی فراہم ہوں گے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں، ہم ترہگام کے لوگوں کے لیے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘ترہگام میں ترقی کا فقدان واضح ہے، اور اس کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں نہ ہی کوئی ڈگری کالج ہے اور نہ ہی جدید سہولیات سے لیس کوئی اسپتال ہے۔ میں حیران ہوں کہ وہ لیڈران سالہا سال تک کیا کرتے رہے ہیں، جن پر آپ نے بھروسہ کیا تھا اور جنہیں آپ اپنا مینڈیٹ دیتے رہے ہیں۔‘‘اس موقع پر پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پارٹی ایک واضح ایجنڈے اور غیر مبہم پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں مقبولیت اور عوامی پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اپنی پارٹی جموں کشمیر کی ایک واحد سیاسی جماعت ہے جسے بہت کم وقت میں عوامی پذیرائی اور قبولیت حاصل ہوئی۔ اس کا سہرا ہمارے شفاف ایجنڈے اور شفاف پالیسیوں کو جاتا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’ہمارا ایجنڈا بہت واضح ہے: ہم جموں اور کشمیر میں امن و استحکام، خوشحالی اور تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ ہدف یقینی طور پر قابل حصول ہے۔ روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس، ہم جھوٹے وعدے کرنے اور ناقابل حصول اہداف مقرر کرنے میں یقین نہیں رکھتے۔ ہم لوگوں کو گمراہ نہیں کرسکتے ہیں اور نہ ہی اپنے عوام سے جھوٹ بول سکتے ہیں۔ ہم سچائی کی سیاست میں یقین رکھتے ہیں۔‘‘انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی پارٹی کو مکمل تعاون دیں۔ انہوں نے کہا، ’’آج میں آپ کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ روایتی سیاسی جماعتوں کو جھوٹے وعدوں اور دھوکہ دہی کی سیاست کے ذریعے آپ کا مزید استحصال کرنے کی اجازت نہ دیں۔ میرا مشورہ ہے کہ آپ اپنی حکومت خود قائم کریں اور خود حکومت کریں۔ ڈاکٹر نورالدین شاہ کی حمایت کریں، جو آپ میں سے ایک ہیں۔‘‘پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین محمد دلاور میر نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو یاد دلایا کہ روایتی جماعتیں انہیں جھوٹے وعدوں کے ذریعے دھوکہ دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا، ’’آپ کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ یہ روایتی جماعتیں آپ کو جذباتی نعروں کے ذریعے کس طرح دھوکہ دیتی رہی ہیں۔ دہائیوں پہلے ایک جماعت نے اپنے لیڈر کو غیر معمولی شخصیت ثابت کرنے کیلئے یہ جھوٹ پھیلایا تھا کہ اس کا نام درخت کے پتوں پر لکھا ہوا دیکھا گیا۔ حالیہ تاریخ میں اسی پارٹی نے آپ کے ووٹ یہ کہہ کر بٹورے کہ وہ دفعہ 370 کی حفاظت کرے گی۔ دراصل اس جماعت نے ہمیشہ اپنے سیاسی مفادات اور اقتدار کے حصول کیلئے لوگوں کو گمراہ کیا ہے۔ آپ ان سیاسی چالبازوں پر کب تک بھروسہ کریں گے؟ ‘‘ دلاور میر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی پارٹی کو مضبوط کریں تاکہ یہ جموں و کشمیر کے امن، خوشحالی اور ترقی کے اپنے مقصد کو حاصل کر سکے۔پارٹی کے جنرل سکریٹری رفیع احمد میر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپنی پارٹی کو سپورٹ کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا، ’’ اپنی پارٹی ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ جموں و کشمیر کے کونے کونے میں لوگ، بالخصوص تجربہ کار سیاستدان اور سینئر سیاسی کارکنان اس پارٹی کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگوں کو ہم پر یقین ہے اور وہ اس جماعت کو روایتی جماعتوں کا نعم البدل مانتی ہے۔ اس کے لئے میں عوام کا شکر گزار ہوں۔ اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اپنی پارٹی آپ کو کبھی مایوس نہیں کرے گی۔ ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کی خوشحالی اور ترقی کیلئے مسلسل کام کرنے کے وعدہ بند ہیں۔‘‘اس موقع پر سید محمد الطاف بخاری، غلام حسن میر، محمد دلاور میر، اور رفیع احمد میر کے علاوہ پارٹی کے جو سرکردہ لیڈران موجود تھے، اْن میں پارٹی کے ضلع صدر کپوارہ راجہ منظور، انچارچ حلقہ انتخاب ترہگام ڈاکٹر نورالدین شاہ، نائب ضلع صدر عبدالرشید بٹ، ضلع نائب صدر محمد امین بٹ، پارٹی کی ایس ٹی ونگ کے جنرل سکریٹری خالد بڈھانہ، انچارج حلقہ انتخاب لنگیٹ محمد امین پیر، ضلع یوتھ صدر بلال عارف لون، آرگنائزنگ سکریٹری پرویز میر، ضلع صدر خواتین ونگ مس فردوسہ گیلانی، ضلع سکریٹری جاوید گیلانی، ضلع نائب صدر مس سائمہ، حاجی محمد اکبر شاہ، حاجی غلام محمد آہنگر، غلام محمد شاہ، نذیر احمد ملک، شوکت بیگ، رضوان بلال، منظور احمد، غلام نبی، حاجی ثنا اللہ شاہ، اور دیگر لیڈران شامل تھے۔