سری نگر//محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے 10 دنوں کے دوران وسیع پیمانے پر برف وباراں کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات سری نگر کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے میڈیا کو بتایا کہ وادی کشمیر میں اگلے دس دنوں کے دوران وسیع پیمانے پر برف باری یا بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے کہا: ‘جسیا کہ پہلے ہی پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم 29 اکتوبر کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے’۔موصوف ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ بعد ازاں 2 اور 3 نومبر کو بھی موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اگلے دس دنوں کے دوران وسیع پیمانے پر بارشوں یا یرف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں آنے والے دنوں میں صبح اور شام کے وقت روشنی میں قدرے کمی متوقع ہے۔دریں اثنا ساز گار موسم کے بیچ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک رواں دواں ہے۔یو این آئی