آدھی سواریاں بٹھانے کے حکومتی فیصلے پر ٹرانسپورٹر ناخوش
مسافرکرایہ میں 50فیصد اضافے کی مانگ
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//ٹرانسپورٹروں نے حکومت کی طرف سے مسافر گاڑیوں میں پچاس فیصد سواریاں بنانے کے فیصلے کیخلاف برہمگی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مانگ کی ہے کہ کرایہ میں پچاس فیصد اضافہ کیاجائے، بصورت دیگر وہ گاڑیاں نہیں چلائیں گے۔ کرایہ میں اضافہ کے حق میں آج بطور احتجاج ٹرانسپورٹروں نے چکہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ہڑتال کال ٹرانسپورٹرز ویلفیئر فورم نے دی ہے۔ جموں وکشمیر ٹرانسپورٹرز ویلفیئر ایسو سی ایشن صدر تیجندر سنگھ وزیر نے کہاکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں پانچ فیصد مسافروں کو بٹھانے سے متعلق حکومت نے فیصلہ ٹرانسپورٹروں کو اعتماد میں لئے بغیر کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ”50فیصد مسافر بٹھاکرگاڑی کا تیل پورا کرنا مشکل ہوجائے گا، ایسے میں ڈرائیوروں، کنڈیکٹروں کی اُجرت اور مالک کو کیا بچے گا، حکومت یا تو مسافرکرایہ میں اضافہ کرے ، بصورت دیگر کل سے ہڑتال ہوگی اور کوئی بھی گاڑی سڑک پر نہیں چلے گی۔