بھاجپاکو بی ڈی سی انتخابات میں ناکامی کا اعتراف کرنا چاہئے
عوام نے زعفرانی خیمہ کو آئینہ دکھا دیا:کانگریس
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو بی ڈی سی انتخابات میں ناکامی کا اعتراف کرنا چاہئے کیونکہ زمینی سطح کے عوامی نمائندگان نے پارٹی کو طور مسترد کرتے ہوئے زعفرانی خیمہ کو آئینہ دکھادیا۔ کانگریس پارٹی نے حالیہ بی ڈی سی چناو¿ میں بی جے پی کو مسترد کرنے پر سرپنچوں وپنچوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے بائیکاٹ کے باوجود یہ صورتحال رہی ہے، اگر دیگر جماعتیں بھی الیکشن لڑرہی ہوتیں تو پھر بی جے پی کی صورتحال کیا ہوتی۔ پارٹی ہیڈکوارٹر شہیدی چوک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس ریاستی ترجمان اعلیٰ راویندر شرما، نائب صدر رمن بھلہ اور جنرل سیکریٹری ٹھاکر منموہن سنگھ نے کہاکہ بی جے پی کی خواہش تھی کہ وہ موجودہ صورتحال جس میں پوری اپوزیشن قید وبند میں ، کا فائیدہ اُٹھاکر کلین سویپ کرے لیکن یہ خواب ادھورا ہی رہ گیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ اپوزیشن جماعتیں الیکشن میں حصہ لینے کی پوزیشن میں نہیں، بی جے پی نے بلاک ڈولپمنٹ کونسل انتخابات پارٹی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ کیا جبکہ بنیادی پنچایتی انتخابات غیر سیاسی بنیادوں پر ہوئے تھے۔انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے جہاں سے اراکین اسمبلی یا سرکردہ لیڈران ہیں، وہاں سے ہی بی ڈی سی چناو¿ میں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بے روزگاری میں اضافہ، بدترین اقتصادی بحرانی، قیمتوں میں غیر متوقع اضافہ،کسانوں کو درپیش مشکلات ومسائل کو درکنار رکھ کر بی جے پی نے غیر ضروری معاملات کو ہوا دی اور ایک نیابیانیہ قائم کر کے الیکشن جیتنے کی کوشش کی اور یہ جادو جموں وکشمیر میں نہیں چلا۔پارٹی کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے کہ عوام زمینی سطح پر اُس سے قطعی خوش نہ ہے۔