کانگریس کو موجودہ بحران سے باہر نکالنے کی سعی
غلام نبی آزاد کی پارٹی عہدیداران وسنیئرلیڈران سے سلسلہ وار میٹنگیں
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف اور سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد جوکہ تین روزہ دورہ پرجموں میں ہیں، نے صوبہ جموں کے مختلف علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے پارٹی سنیئرلیڈران اور عہدیدران سے سلسلہ وار میٹنگیں کیں۔یاد رہے کہ پچھلے چند دنوں سے کانگریس جماعت میں اختلافات ابھر کر سامنے آرہے ہیں جس میں کئی لیڈران نے پارٹی سے کنارہ کشی بھی اختیار کر لی ہے۔خاص کرجموں، سانبہ ، کٹھوعہ اضلاع سے کانگریس لیڈران کا بھاجپا کی طرف رحجان بھڑتاجارہا ہے جبکہ خطہ چناب سے بھی کئی چہرے پارٹی چھوڑ کر زعفرانی خیمہ میں جاچکے ہیں۔پارٹی کوموجودہ بحران سے باہر نکالنے اور عہدیداران وکارکنان کی شکایات سننے اور دوبارہ سے پارٹی کو پٹری پرلانے کے لئے غلام نبی آزاد نے کئی لیڈران سے تفصیلی بات چیت کی ۔آزاد تین روزہ دورہ پر جموں میں ہیں جس دوران وہ صوبہ کے اطراف واکناف سے پارٹی لیڈران وکارکنان سے اعلیحدہ اعلیحدہ نشستیں منعقد کر کے ان کو سنیں گے۔ہفتہ کے روز منعقدہ اجلاس میں پارٹی سنیئرلیڈران سابقہ نائب وزیر اعلیٰ تاراچند، مدن لال شرما، رمن بھلہ، ملہ رام، جگل کشور شرما، راویندر شرما، آر ایس چب، بلوان سنگھ، ڈاکٹر منوہر لال شرما، رجنیش شرما، منموہن سنگھ، شبیر احمد خان موجود تھے۔اس کے علاوہ غلام نبی آزاد نے سنیئرلیڈران، ضلع صدور، سابقہ لیجسلیچرز، مختلف حلقوں سے الیکشن لڑنے والے امیدواروں، جموں میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹرز اور جموں، کٹھوعہ، سانبہ، راجوری، پونچھ، ریاسی اور اودھم پور اضلاع کے سنیئرعہدیداران سے بھی تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے تنظیمی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریاست کے اندر پارٹی کو موثر اور مضبوط بنانے کے لئے تندہی سے کام کرنے کی تلقین ۔غلام نبی آزاد جوکہ گذشتہ روز جموں پہنچے تھے لیکن انہیں دورے کو قلیل کر کے واپس دہلی لوٹنا پڑا جہاں وہ اتوار کو شیلا دکشت کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔