اڑان نیوز
جموں//جموں میں نماز جمعہ کے بعد انجمن امامیہ جموں کے زیر اہتمام ’عالمی یوم القدس‘کی مناسبت سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں شہید مرتضی مطہری لائبریری جموں، انجمن حیدری نیوپلاٹ،انجمن حسینی بٹھنڈی کے علاوہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس اسرائیل کی طرس سے غیر قانونی طور پر فلسطین پر قبضہ کرنے کی مذمت کی گئی۔ اس پر امن احتجاج میں سینکڑوںفزندان توحید نے شرکت کی اور عالمی برادری پرزور دیاکہ وہ فلسطین کے عوام کی مدد کرے۔ یہ پر امن احتجاج کربلا کمپلیکس سے شہیدی چوک تک نکالاگیا جس میں فلسطینی عوام پر اسرائیلی ظلم وتشدد کی مذمت کی گئی۔ امام جامع امامیہ مسجد پیر مٹھان مولانا علی بادشاہ نقوی نے اپنے خطاب میں کہاکہ یہ ہر شخص کا فرض بنتا ہے کہ وہ مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے سامنے آئے، انہوں نے کہاکہ اس احتجاج کا کسی خاص برادری یا طبقہ سے کچھ لینا دینا نہیں، کسی بھی طبقہ، فرقہ سے تعلق رکھنے والا اس احتجاج کا حصہ بن سکتا ہے اور دنیا میں غیر قانونی طور پر کسی بھی حکومت کی طرف سے ہورہے ظلم کے خلاف بولنے کا حق ہے۔ شیخ محمد علی محمدی ، سید امانت علی شاہ ،پروفیسر شجاعت خان نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران اسرائیل کی طرف سے شہید کئے گئے فلسطینی عوام کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔