جموں میں گرمی کا قہر
پانی کی قلت اور بجلی کٹوتی سے مکینوںکا جینا محال
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//سرمائی راجدھانی جموں میں گرمی کا قہر برسنا شروع ہوگیا ہے۔ بدھ اور جمعرات رواں موسم کے گرم ترین دن ثابت ہوئے جس سے معمولات زندگی درہم برہم کافی حد تک متاثر رہی ۔نجی وسرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم بچے گرمی سے نڈھال دکھائی دیئے ۔جمعرات کو جموں میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت39.9ڈگری سیلیس رہا جوکہ معمول سے 3ڈگری زائد ہے۔گرمی کی شدت کے بیچ پینے کے پانی کی شدید قلت نے لوگوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق جموں سٹی روزانہ بنیادوں پرپانی کے 50 ملین گیلن کے بحران کی شکار ہوتی تھی لیکن بعد ازاں مختلف پانی سپلائی کرنے کی اسکمیوں کو متعارف کیا گیا جس سے کافی حد تک پانی کی قلت دور تو ہوئی لیکن ابھی بھی سٹی کو پانی کے 11 ملین گیلن کی کمی پڑتی ہے۔محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے چیف انجینئر اشوک گنڈوترا نے بتایا کہ جموں کے اربن سیکٹر میں اس وقت 65 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے جبکہ اس کے برعکس صرف 54 ملین گیلن پانی سپلائی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ روزانہ بنیادوں پرپانی کے 11 ملین گیلن کا بحران ہے۔اشوک گنڈوترا نے کہا کہ امسال ماہ مارچ میں کئی واٹر سپلائی اسکیمیں متعارف کی گئی اور کئی کنویں کھودے گئے جس سے 4 ملین گیلن پانی کا اضافہ ہوا لیکن اس کے باوجود بھی ابھی 11 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شیتلی اور گلوار واٹر پلانٹوں سے 20 ملین گیلن پانی سپلائی کئے جاتے ہیں لیکن بحران برابر جاری ہے اور اس پر قابو پانے کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔جمعرات کو شہر کے کئی علاقہ جات میں بجلی کٹوتی بھی ہوئی جس سے لوگوں کا برا حال ہوگیا۔ بچے اور نوجوان رنبیر نہر اور دریا توی میں گرمی سے بچنے ڈبکیاں لگاتے نظر آئے۔ ادھر اکھنور میں بھی بڑی تعداد میں لوگ نہانے پہنچے تاکہ گرمی سے بچ سکیں۔ شہر جموں کے کئی علاقوں میں غیر علانیہ کٹوتی کی گئی ۔یاد رہے کہ بدھ کو شہر کا درجہ حرارت40ڈگری کے پار چلاگیا تھا جوکہ جاری موسم گرما کا گرم ترین دن رہا، اگر چہ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو39.1ڈگری سیلیس درجہ حرارت ریکاڈ ہوا لیکن گرمی کی شدت میں گذشتہ دن کے مقابلہ زیادہ اضافہ دیکھنے کو مل رہاتھا۔ کتنی گرمی تھی اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایاجاسکتا ہے کہ شہر کی بیشترسڑکوں پر بچھی تارکول بھی پگل گئی تھی۔محکمہ موسمیا ت کے ماہرین نے بتایاکہ اگلے ایک دو روز درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے تاہم 10مئی کے بعد بارش کا امکان ہے جس کے بعد گرمی کی شدت ماند پڑ سکتی ہے۔