جموں//ریاستی اِنتظامی کونسل نے-21 -20 2019ء میں دس نئے مقاما ت پر ڈگری کالج قائم کرنے کو منظوری دی ہے ۔ یہ کالج تلیل ، بونیار ،سویۂ بگ ، گشتی گڈھ ، جوریاں ،بھگوتی نگر ، کرال پورہ کپواڑہ، درہال،گگوال اور مونگری پنچھاری میں قائم کئے جائیں گے۔سرکار نے پرنسپل سیکرٹری فائنانس کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو نئے کالجوں کے قیام سے متعلق ضروریات کا جائزہ لے رہی ہے۔کمیٹی کی سفارشات پر انتظامی کونسل نے 14جنوری کو منعقد ہ ایک میٹنگ میں ریاست میں 40نئے کالجوں کے قیام کے لئے جگہوں کی نشاندہی کو منظوری دی تھی۔مختلف مقامات پر مزید ڈگری کالج کھولنے سے متعلق اعلیٰ تعلیمی محکمہ کی گزارشوں پر کمیٹی نے ان نئے کالجوں کے قیام کی تجویز رکھی ۔ اس طرح سے ابھی تک گورنر انتظامیہ نے 50ڈگری کالجوں کے قیام کو منظوری دی ہے۔دریں اثنائگورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں ریاستی انتظامی کونسل نے ریاست میں 228سکولوں کو اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔210 سکولوں میں سے 87ہائی سکولوں کو ہائیرسکینڈری جبکہ 123 مڈل سکولوں کو ہائی سکولوں کے طور اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔کونسل نے سماگراہ شکھشا کے تحت 12مڈل سکولوں کو ہائی سکولوں جبکہ 6ہائی سکولوں کو ہائیر سکینڈری سکولوں کے طور اَپ گریڈ کرنے کو منظوری دی ہے۔کونسل نے گورنمنٹ لور ہائی سکول دیسا ڈوڈہ کو ہائی سکول کے طور پر اَپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔کونسل نے سکولی تعلیم محکمہ کو سکولوں میں عملے کی تعیناتی کے عمل میں معقولیت لانے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔