پرتپال سنگھ
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے گاؤں گگڑیاں ساوجیاں کے بزرگ والدین جوکہ پچھلے سات ماہ سے اپنے لختِ جگر کی جدائی سے غم میں نڈھال ہیں، نے انڈیا حکومت سے فریاد کی ہے کہ ان کے بیٹے کو واپس لایاجائے۔سات ماہ قبل سیف الدین نامی نوجو ان جوکہ ذہنی طور معذور ہے، غلطی سے سرحدعبور کرگیاتھا، جس متعلق اہل خانہ نے متعلقہ پولیس تھانہ میں رپورٹ بھی درج کروائی ہوئی ہے۔پچھلے سات ماہ سے سیف الدین کے گھر میں ماتم چھایا ہوا ہے، بزرگ والدین، اہلیہ اور ایک چھوٹی بچی نے رو روکر برا حال کیا ہوا ہے، گھر میں ماتم سا ماحول ہے۔ اپنے فرزند کی واپسی کی تمام راہیں بند دیکھ کر آخر کا ر والدین نے ذارئع ابلاغ کا سہار ا لیا تاکہ ان کی فریاد اعلیٰ حکام تک پہنچے۔ غلام محمد نے اپنی اہلیہ سمیت ، سیف الدین کی تصویر ہاتھوں میں اُٹھائے، پونچھ میں میڈیا افراد سے بات کی۔انہوں نے بتایاکہ ’’میرا بیٹا سات ماہ قبل گھر سے غائب ہوگیا ہے، وہ ذہنی طور پر معذور ہے، ہمیں خدشہ ہے کہ وہ سرحد عبور کر کے پاکستان چلا گیا ہے‘‘۔غلام محمد نے مزید بتایا’’اس کی بیوی اور ایک چھوٹی بچی اس کا انتظار کررہے ہیں‘‘۔انہوں نے انڈیا اور پاکستان کی حکومتوں سے اپیل کی کہ ہمارے بچے کو واپس لاکر دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس کے راستے دیکھ دیکھ کر اندھے ہوچکے ہیں۔لیکن سات ماہ گزرنے کے بعد بھی وہ واپس نہیں لوٹا۔انہوں نے ملک کے وزیر اعظم نرندر مودی سے اپیل کی کہ ان کے بچے کو واپس لا کر دیا جائے۔