یومِ جمہوریہ تقریبات….
آدھا گھنٹہ پر مبنی رنگا رنگ تمدنی پروگرام کی جھلک پیش
ریاستی پولیس کی ’ڈیئرڈیولز‘ٹیم کے دل دہلا دینے والے کرتب شائقین کی توجہ کا مرکز بنے
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//سرمائی راجدھانی جموں کی جموں یونیورسٹی اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب کے دوران 37منٹوں پر مبنی رنگا رنگ تمدنی وثقافتی پروگرام کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر پولیس کی’ڈیئر ڈیولز‘ٹیم نے دل دہلا دینے والے کرتب دکھائے۔تمدنی پروگرام میں 6اسکولوں کے مجموعی طور900لڑکے لڑکیوں نے حصہ لیا جنہوں نے راجستھانی ،گوجری، ڈوگری، کشمیری ، لداخی، تامل، پنجابی، مراٹھی کلچر کی جھلک پیش کی۔ 30منٹو ں پر مبنی تمدنی پروگرام کا آغاز گوجری ڈانس سے ہوا جس میں گورنمنٹ گرلز ہائر اسکینڈری اسکول شاستری نگر کی بچیوں نے ’اُڑھ اڑھ کنج میری بنی ‘گیت پر روایتی لباس زیب تن کئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اسی اسکول کی بچیوں نے راجستھانی، پنجابی اور ہندی گانوں پر ملا جلہ رقص پیش کیا۔ پولیس پبلک اسکول میراں صاحب کے 150بچے بچیوں نے مراٹھی لوک گیت، گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول کنال روڈ کے 150بچے بچیوں نے ’ایک ہے دھرتی ایک ہے امبر‘پر ڈانس پیش کیا۔ گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول مبارک منڈی کی بچیوں نے جھانسی کی رانی پر’خواتین کی بااختیاری‘موضوع کے تحت ڈانس وکہانی پیش کی۔آخری میں گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول ریہاڑی کی بچیوں نے رنگا رنگ روایتی لباس میں ڈوگری، کشمیری اور لداخی ڈانس پیش کیا۔ پروگرام کے آخر میں جموں وکشمیر پولیس کے جہاں باز جوانوں کی ’ڈیئرڈیولز ‘ٹیم نے موٹرسائیکلوں پر7منٹوں پرمبنی دل دہلادینے وال کرتب دکھائے جنہیں اسٹیڈیم میں موجود لگ بھگ دس ہزار شائقین نے بے حدپسند کیا اور دادِ تحسین پیش کی۔پروگرام کا اختتام قومی ترانہ سے ہوا جوکہ ڈی بی این ہائر اسکینڈری اسکول اور گرلز ہائر اسکینڈری اسکول بخشی نگر کے بچے بچیوں نے گایا۔کلچرل پروگرام کے دوران شائقین اور بچیوں میں سب سے زیادہ ’ڈیئرڈیولز‘کے کرتب کے دوران دیکھاگیا۔اسٹیڈیم کچھا کچھ شائقین سے بھراتھا جس میں اسکولی بچوں،سول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ عہدادران، ملازمین، فوج اور سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران کی اچھی خاصی تعداد تھی۔