پہاڑی طبقہ کی طویل جدوجہد کو بھاجپا منطقی انجام تک پہنچائے گی
جلد بڑی خوشخبری ملے گی
دیگر جماعتوں نے صرف استحصال کیا:راویند رینہ
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر ریاست میں پہاڑی طبقہ کے دیرینہ مطالبات کو جلد حل کیاجائے گا۔جلد ہی مرکزی سرکار اس حوالہ سے بڑا فیصلہ لے گی۔پارٹی ریاستی صدر راویندر رینہ نے پیر کے روز راجوری، پونچھ، کپواڑہ سے درجنوں پہاڑی وفود سے ملاقات کے بعد منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ راجوری، درہال، کالاکوٹ، سندربنی، بدھل، کوٹرنکہ، منجاکوٹ، مینڈھر، پونچھ، سرنکوٹ، لولاب، ہندواڑہ، کرناہ، اوڑی، کپواڑہ میں پٹھواری زبان بولنے والے طبقہ کے لوگ پچھلے ستر سالوں سے اپنے جائز حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ لوگ پکے قوم پرست اور محب وطن ہیں جنہوں نے ہمیشہ جموں وکشمیر پولیس، فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی فورسز کا ساتھ دیاہے۔ اس طبقہ کی خوبصورتی یہ ہے کہ اس میں ہندو¿، مسلم، سکھ مذاہب کے ماننے والے لوگ ہیں جوکہ دور دراز علاقہ جات میں کسمپرسی کی زندگی جینے پر مجبور ہیں۔راویند رینہ جن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں جموں وپونچھ حلقہ سے رکن پارلیمان جگل کشور شرما، ایم ایل سی پردیپ شرما اور سابقہ اسپیکر ونائب وزیر اعلیٰ کاویندر گپتا بھی موجود تھے، نے کہاکہ نیشنل کانفرنس، کانگریس، پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے پہاڑی طبقہ کے لوگوں کا گلہ کاٹا، ہمیشہ ان کا استحصال کیا۔ راویند رینہ نے کہاکہ ”جس طرح گوجر بھائی وطن پرست ہیں، اس طرح پہاڑی طبقہ کے لوگ بھی حب الوطنی کا جذبہ رکھتے ہیں، ہمیں تکلیف ہے کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی، جموں وکشمیر میں پتھر بازوں اور بندوق اٹھانے والوں کے لئے پالیسیاں بنتی ہیں لیکن قوم پرست لوگوں کو نظر انداز کیاگیاہے لیکن بی جے پی ایسا ہونے نہیں دے گی، اس قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں جنہیں ہم ضائع نہیں ہونے دیں گے“۔راویند رینہ نے کہاکہ پہاڑی طبقہ کے لیڈران جونیشنل کانفرنس، کانگریس، پی ڈی پی سے وابستہ ہیں، نے بھی بڑی جدوجہد کی، بار ہار طبقہ کے مطالبہ کو زور وشور سے اُٹھایا لیکن ان جماعتوں نے اس کو مانا نہیں۔نیشنل کانفرنس، کانگریس نے پہاڑی طبقہ کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔ انہوں نے انکشاف کیاکہ گذشتہ برس فروری ماہ میں پہاڑی طبقہ کیلئے تین فیصد ریزرویشن کا بل جو اسمبلی میں لایاگیاتو اس وقت بھی نیشنل کانفرنس، کانگریس حتیٰ کہ پی ڈی پی کے چند ممبران نے اس کی مخالفت کی، انہوں نے کوشش کی کہ بل پاس نہ ہو لیکن چونکہ اسپیکر بی جے پی سے وابستہ تھا، اس لئے ہم قانون کو پاس کرانے میں کامیاب رہے“۔انہوں نے کہاکہ ”میں نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملنے جارہا ہوں ، جلد ہی پہاڑی طبقہ کے لئے خصوصی ریزرویشن مطالبہ کو پورا کرایاجائے گا اور 3فروری کو اس حوالہ سے جموں جلسہ کے دوران مودی بڑا اعلان کریں گے“۔انہوں نے کہاکہ ترنگے کی سربلندی، وطن پر مرمٹنے والے اس قوم کی جدوجہد کو بھاجپا منطقی انجام تک پہنچائے گی ۔انہوں نے کہاکہ تین فیصد ریزرویشن بل جس کی فائل منظوری کے لئے راج بھون میں ،اُس کو بھی جلد پاس کیاجائے گا۔ اس قوم کے ساتھ وزیر اعظم نریند مودی سرکار انصاف کرے گی۔