سرکاری سکول الیکشن دفاتر میں تبدیل، طلبہ کی پڑھائی متاثر
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر جموں کے سرکاری اسکولوں میں طلبہ وطالبات کی پڑھائی متاثر ہوکر رہ گئی ہے ۔صوبہ جموں میں جموں میونسپل کارپوریشن کے علاوہ میونسپل کمیٹی بشناہ، ارنیہ، آر ایس پورہ، گہو منہاساں، اکھنور، جوڑیاں، کھوڑ کے ساتھ ساتھ راجوری، تھنہ منڈی، نوشہرہ، سندربنی، کالاکوٹ اور سرنکوٹ میونسپلٹیوں، جبکہ میونسپل کونسل پونچھ میں پہلے مرحلہ کے تحت 8اکتوبر کو صبح7بجے سے بعد دوپہر2بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق جموں ضلع میں کم سے کم35تعلیمی ادارے جن میں طلبہ وطالبات کی مجموعی تعداد17,000ہے، اِ ن دنوں میونسپل چناو¿ کے ریٹرنگ افسران کے دفاتر میں تبدیل ہوئے ہیں، جہاں پر ڈھول پٹاکوں کے ساتھ کاغذات نامزدگی داخل کرنے والے امیدواروں ، ایجنٹوں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیڈران وکارکنان کا تانتا بندھا رہتاہے۔ڈھولوں کو پیٹنے اور آواز شکن نعرو¿ں سے طلبہ کی پڑھائی سخت متاثر ہورہی ہے۔ گورنمنٹ گرلز ہائر اسکینڈری اسکول کنال رو ڈ جموں میں 500سے زائد طالبات ہیں، کی تعلیم پچھلے ایک ہفتہ سے شور وشرابہ کی نظرہوکر رہ گئی ہے ۔صرف کنال روڈ اسکول ہی نہیں بلکہ ایسے جموں میں 35اسکول ہیں جوکہ الیکشن دفاتر میں تبدیل ہیں، جہاں کاغذات نامزدگی بھرنے سے لیکر تمام انتخابی عمل تعلیمی اداروں کے اندر کیاجارہاہے اور ساتھ ہی کلاسز بھی لگائی جارہی ہیں۔طلبہ کی شکایت ہے کہ 18ستمبر ، جب سے الیکشن عمل شروع ہوا ہے، ان کی پڑھائی بے حدمتاثر ہورہی ہے۔ ایک ٹیچر نے رازداری پر بتایاکہ اسکولوں کو ریٹرنگ افسران کے ہیڈکوارٹر بنانے کے بجائے الیکشن حکام کو دیگرمحکمہ جات کی عمارتوں کو انتخابی ضروریات کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔ضلع الیکشن افسر جموں کی طرف سے جاری حکم نامہ کے مطابق 50سرکاری کمپلیکس ریٹرنگ افسران کے ہیڈکوارٹروں میں تبدیل ہیں جن میں سے 35اسکول ہیں۔حیران کن امر ہے کہ متعدد کیمونٹی ہال اور گیسٹ ہاو¿سز کو جوکہ مختلف محکمہ جات نے تعمیر کر رکھے ہیں، وہ خالی پڑے ہیں جبکہ سکولی عمارتوں کو اس مقصد کے لئے چناگیاہے۔تاریخی مبارک منڈی گرلز ہائر اسکینڈری اسکول جوکہ پوزیشن ہولڈرز کے لئے جاناجاتاہے، بھی انِ دنوں الیکشن دفتر میں تبدیل ہے۔طلبہ وطالبات کا کہنا ہے کہ ستمبر اور اکتوبر ماہ خاص طور سے دسویں تا بارہویں کلاس کے طلبہ وطالبات کے لئے اہم ہوتے ہیں کیونکہ ششماہی امتحانات کا انعقاد جلد ہی ہونے والاہے۔ادھر پونچھ اور راجوری میں بھی درجنوں اسکول الیکشن دفاتر میں تبدیل ہیں۔