اڑان نیوز
جموں // کنٹرول لائن پر ضلع جموں کے اکھنور اور ضلع راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں بدھ کو ایک بار پھر بھارتی و پاکستانی افواج کے مابین گولہ باری کا تبادلہ ہوا ۔ البتہ کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ یہاں پر محکمہ دفاع کے ذرائع نے بتایا کی بدھ کی صبح ساڑھے 10بجے کے قریب پاکستانی فوجوں نے سندر بنی سیکٹر میں بنا اشتعال چھوٹے اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کر دی ۔ ترجمان کے مطابق بھارتی فوج نے بھی اس کا معقول جواب دیا ۔ اس دوران ذرائع نے مزیدبتایا کہ پاکستانی فوج نے ضلع جموں کے اکھنور سیکٹر میں کیری اور کھوڑ علاقوں میں بھی فائر بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کی ۔ واضح رہے کہ کئی سیکٹروں میں مسلسل گولہ باری کے تبادلہ کے بعد گزشتہ دو روز سے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر خاموشی چھائی ہو ئی تھی جو بدھ وار کو ٹوٹ گئی ۔رواں سال ابھی تک بین الاقوامی سرحد اور کنٹرول لائن پر گولہ باری کے تبادلوں کے واقعات میں 21افراد ، جن میں 12فوجی اہلکار شامل ہیں ، ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 80سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں جن میں بیشتر عام شہری ہیں ۔