اڑان نیوز
سری نگر//جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال میں ہفتہ کو جنگجوو¿ں کی طرف سے سیکورٹی فورسز کی ایک گشتی پارٹی کو نشانہ بناکر کئے گئے گرینیڈ حملے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے دو اہلکار جبکہ دو عام شہری زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوو¿ں نے ہفتہ کو دوپہر کے وقت بٹہ گنڈ ترال میں سی آر پی ایف کی ایک گشتی پارٹی کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے پھٹنے کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے دو اہلکار اور دو عام شہری زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گرینیڈ کے دھماکے سے پورے علاقہ میں افراتفری مچ گئی اور لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر پورے علاقہ کو گھیر لیا ، تاہم حملہ آور جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔