اڑان نیوز
جموں//ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف ، باز آباد کاری ، تعمیر نو اور پھول بانی کے وزیر جاوید مصطفیٰ میر نے کل دو روزہ انسی ڈینٹ ریسپانس سسٹم کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا ۔اس کا انعقاد ڈویژنل ڈیساسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے نیشنل اینڈ سٹیٹ ڈیساسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے کیا تھا ۔ اس موقعہ پر خزانہ اور منصوبہ بندی کے وزیر مملکت اجے نندا مہمانِ ذی وقار تھے ۔ تربیتی پروگرام میں ایف سی ریونیو لوکیش جھا ، کمانڈنٹ جنرل ایس ڈی آر ایف دلباغ سنگھ ، ڈی سی جموں ، ریلیف و باز آباد کاری کمشنر ایم ایل رینہ ، آئی جی پی ٹریفک کے علاوہ فائیر اینڈ ایمر جنسی سروسز ، ریونیو ، صحت اور انجینئرنگ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید میر نے کہا کہ کسی بھی آفاتِ سماوی سے مقابلہ کرنے کیلئے یہ بات یقینی بنانی ہو گی کہ ایمر جنسی کے دوران موثر کوششیں عمل میں لائی جائیں جیسے کہ قبل از وقت خبر دار کرنے کا نظام ،اداراتی انتظام ، عوامی جانکاری ، ڈیساسٹر ڈرل اور سٹاک پائیلنگ کا انتظام کیا جانا چاہئیے ۔ اس ورکشاپ کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر نے کہا کہ آئی آر ایس اس سلسلے میں ایک موثر نظام ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ہر ضلع میں اس طرح کے ورکشاپ کا اہتمام کریں اور متعلقہ شراکت داروں کو تربیت فراہم کرنے اور لوگوں کو ایسے موقعہ پر پریشانی سے بچنے کیلئے جانکاری فراہم کریں ۔ جاوید میر نے اس موقعہ پر کہا کہ موجودہ حکومت نے لوگوں کی پریشانیاں اور آفاتِ سماوی سے ہونے والے نقصان کو کم کرنے کیلئے کئی طرح کے اقدامات کئے ہیں ۔ بعد میں وزیر نے آفاتِ سماوی کے موقعہ پر استعمال کئے جانے والے مختلف آلات کا جائیزہ لیا۔ اجے نندا نے متعلقہ حکام کی اُن کوششوں کو سراہا جن کے تحت ڈیساسٹر منیجمنٹ کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا رہی ہے ۔