سرینگر//گنڈ رحمان گاندربل میں فورسز نے جنگجو مخالف آپریشن کا آغاز کرکے گھر گھر تلاشی لی ۔ دفاعی ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ۔ گاندربل سے نمائندے کی اطلاع کے مطابق شام دیر گئے سیکورٹی فورسز نے وسطی ضلع گاندربل کے گنڈرحمان گاؤں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں میں پہرے بٹھا کر فرار ہونے کے تمام راستے سیل کئے ہیں۔ دفاعی ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گاؤں میں جنگجو مخالف آپریشن جاری ہے اور مکینوں سے پوچھ تاچھ ہو رہی ہے۔ ادھر یوم جمہوریہ کی تقریبات کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے شہر سرینگر کے مضافاتی علاقوں میں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق حبک ، نسیم باغ ، گلاب باغ ، زکورہ ، کراسنگ ، بٹہ پورہ ، ملہ باغ ، الٰہی باغ ، لالبازار اور صورہ میں جگہ جگہ پولیس وفورسز کو تعینات کیا گیا جو ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوارو اقعے کو ٹالنے کیلئے شہر سرینگر کے مضافاتی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کو متحرک کیا گیا ہے جبکہ رات کا گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔