شاہ ہلال
سرینگر//جنوبی کشمیر میں کپرن ویری ناگ سڑک پر ٹریفک کے ایک حادثے میں میاں بیوی سمیت تین افراد ہلاک ہوئے ۔ برفباری کے باعث سڑک پر پھسلن پیدا ہونے کے نتیجے میں گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں تین افراد کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی ۔ پولیس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ نعشیں لواحقین کے سپرد کی گئی ہے۔ نمائندے کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ماروتی کار زیر نمبر JK03E-1002ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ہنگی پورہ کے نزدیک گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں تین افراد کی موت جائے حادثہ پر ہی واقع ہوئی ۔مرنے والوں کی شناخت 35سالہ محمد یوسف بملہ ولد کالو بملہ ،55سالہ محمد دین بملہ ولد احمد دین بملہ اسکی اہلیہ50سالہ حاجرہ زوجہ محمد دین بملہ ساکنان رنگمنڈو کپرن ہے ۔حادثے کی خبر پھیلتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد جائے موقعہ پر پہنچی اور بچاؤ کارروائی میں جٹی تاہم حادثے کی نوعیت اس قدر شدید تھی کہ گاڑی میں سوار تینوں افراد دم توڑ چُکے تھے ۔عینی شاہدین کے مطابق علاقہ میں صبح سے ہی برف باری ہورہی تھی اور حادثے کے وقت وہاںقریبا4انچ برف جمع ہوئی تھی لگاتار برف باری کے سبب سڑک پر پھسلن بھی بڑھ گئی تھی اور غالباََ گاڑی پھسلن کے سبب گہری کھائی میں گری ۔اس حوالے سے ایس ڈی ایم ڈورو عمر شفیع نے بتایا کہ ہم نے موسمی حالات کے پیش نظر ڈاکٹروں کی ٹیم و پولیس عملہ جائے واردات کی جانب روانہ کیا ہے اور قانونی لوازمات کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کی جائیں گی ۔ادھر ریاستی کانگریس صدر غلام احمد میر اور ڈورو کے سیاسی وسماجی کارکن ایڈوکیٹ فاروق احمد گنائی نے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مہلوکین کے افراد خانہ کی امداد کریں۔