اشتیاق ملک
گندوہ// ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں تیسرے روز بھی ہلکی بارش و برفباری کا سلسلہ جاری رہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی ہے جبکہ عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھلیسہ ، گندوہ ، کاہرہ، بونجواہ ، ٹھاٹھری ، چرالہ ،گندنہ و بھدرواہ کے پہاڑی علاقوں میں بدھ کے روز تازہ برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش جاری رہی ۔مسلسل برفباری وبارشوں سے عام زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔اطلاعات کے مطابق سب ڈویژن گندوہ وٹھاٹھری کے درجنوں دیہات میں دوروز قبل بجلی نظام متاثر ہوا ہے اور تاحال بحال نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگ گھپ اندھیرے میں ہیں۔وہیں ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ سمیت اندرونی دیہات کو جوڑنے والی رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن کی وجہ سے ٹریفک نظام بھی خلل آگیا ہے تاہم انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری طور سفر نہ کریں۔برفباری کی وجہ سے پانی نظام بھی متاثر ہوا ہے جبکہ کچھ گائوں میں راشن کی کمی پائی جاتی ہے۔بھلیسہ کی تحصیل چلی پنگل سے آئے ایک وفد زیر قیادت لیاقت علی شیخ نے اڑان کو بتایا کہ بجلی کی غیر معائنہ کٹوتی سے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ ودیگر رابطہ سڑکوں پر تار کول نہ بچھانے کی وجہ سے یہ سڑکیں خستہ حال ہو چکی ہیں جس پر سفر کرنے میں مسافروں کو کافی دقتوں کا سامنا رہتا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا برفباری سے نپٹنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں تاکہ مقامی لوگوں کو آسانی پیدا ہوجائے۔