اڑان نیوز
جموں / /جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ ماحولیات کو تحفظ دینے کے لئے محکمہ جنگلات اور پولیوشن کنٹرول بورڈ کو باہمی اشتراک سے کام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے ملازمین سے تلقین کی کہ وہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔وزیر موصوف ایس پی سی کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس دوران محکمہ کے 25ایڈ ہاک ملازمین کو باقاعدگی اور 17 ملازمین کو پروموشن آڈرس دیئے گئے ۔تقریب پر پی سی سی جنگلات روی کیسر ، چیئرمین ایس پی سی بی بی سدھارتھا ، چیف وائلڈ لائف وارڈن منوج پنتھ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجو د تھے۔وزیر نے ملازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری اور لگن کے ساتھ انجام دیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت عوام دوست انتظامیہ فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے تاکہ لوگوں کے مسائل حل کئے جاسکیں۔لال سنگھ نے ایس سی بی کے کام کاج میں معقولیت لانے کے اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ صاف ستھرا ماحول قائم کرنے کے لئے پالتھین اور پلاسٹک اشیاء کے استعمال پر قابو پائیں ۔انہوںنے کہا کہ تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پالتھین تھیلوں کے استعمال پر قابو پانے میں اپنا بھر پور رول اد ا کریں اور حکومت کے حکمنامے پر سختی سے عمل کریں ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں میںپالتھین اور پلاسٹک اشیاء کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کی جانی چاہئیے۔