جموں//سنٹرل یونیورسٹی آف جموں کے وایس چانسلر پروفیسر اشوک آیمہ نے آج یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں ، کے ساتھ ملاقات کی ۔ پروفیسر آیمہ نے گورنر کو جانکاری دی کہ یونیورسٹی کے 15 شعبوں کو پگلہ رایا سوچانی میں مستقل کیمپس تک منتقل کیا گیا ہے اور یونیورسٹی میں اس وقت 35 تدریسی پروگرام چلائے جاتے ہیں ۔ انہیں مزید جانکاری دی گئی کہ مختلف یونیورسٹیوں اور اداروں کے ساتھ 18 قومی اور چار بین الاقوامی مفاہمت ناموں پر دستخط کئے گئے ہیں جن میں 13 پر عمل کیا جا رہا ہے ۔ گورنر کو جانکاری دی گئی کہ یونیورسٹی اس وقت 46 تحقیقی پروجیکٹوں پر کام کر رہی ہے ۔ وی سی نے مزید کہا کہ یونیورسٹی فروری 2018 میں وائس چانسلروں کی کانفرنس کی میز بانی کرنے کے علاوہ اگلے برس یونیورسٹی کا پہلا کنووکیشن بھی منعقد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اے ایس سی آئی حیدرآباد کے اشتراک سے جنوری 2018 میں تربیت پانے والے آئی اے ایس افسروں کیلئے ایگزیکٹو پروگرام کا بھی انعقاد کیا جائے گا ۔ ملاقات کے دوران یونیورسٹی کو تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں معیار کی بلندیوں تک پہنچانے سے جُڑے مختلف امور کو بھی زیر بحث لایا گیا ۔