جموں//جموں وکشمیر ریاستی انفارمیشن کمیشن ( ایس آئی سی) نے چیف انفارمیشن کمشنر خورشید احمد گنائی کی صدارت میں جموں کے آر ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ ایک راؤنڈ ٹیبل کا انعقاد کیا۔ اس موقعہ پر سٹیٹ انفارمیشن کمشنر محمد اشرف میر کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران اور جموں خطے کے کئی آر ٹی آئی کارکُن بھی موجود تھے۔اس دوران کارکنوں نے ریاست میں آر ٹی آئی ایکٹ کی عمل ؤوری مزید موثر بنانے کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔انہوں نے عوام میں آر ٹی آئی کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تا کہ حکمرانی کے عمل میں مزید شفافیت اور جوابدہی لائی جاسکے۔کارکنوں نے اس طرح کا پروگرام منعقد کرانے کے لئے سی آئی سی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام ضلع سطحوں پر بھی منعقد کئے جانے چاہئیں تا کہ نچلی سطح پر بیداری پیدا کی جاسکے۔چیف انفارمیشن کمشنر نے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اکرکن آر ٹی آئی کے استعمال کو عام کرنے میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی سی کارکنوں کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز پر غور کرے گی اور کمیشن کے کام کاج میں مزید بہتری لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس قانون کی موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے کمیشن ریاستی حکومت کے مسلسل رابطے میں ہے تا کہ رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔سی آئی سی نے نئے ریاستی انفارمیشن کمشنر محمد اشرف میر کا بھی استقبال کیا اور اُمید ظاہر کی کہ اُن کا وسیع تجربہ کمیشن کے لئے کافی مدد گار ثابت ہوگا۔