اڑان رپورٹر
جموں //پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے مستعفی ہوئے لیڈرو کرم آدتیہ سنگھ کا استعفیٰ پارٹی نے منظور کرلیا ہے تاہم اُن کی کونسل کی رکنیت کا فیصلہ چیئرمین کونسل لیں گے ۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ غور و خوض کے بعد وکرم آدتیہ سنگھ کی پارٹی رُکنیت ختم کردی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ22تاریخ کو پی ڈی پی کے رکن قانون ساز کونسل وکرم آدتیہ سنگھ نے پارٹی اور قانون ساز کونسل سے استعفیٰ دے دیاتھا۔ ریاست کے آخری مہاراجہ ہری سنگھ کے پوتے اور سابق صدر ریاست و سینئر کانگریسی لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ کے بیٹے وکرم آدتیہ نے اپنے استعفےٰ کا مکتوب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹویٹر اور فیس بک پر پوسٹ کردیاتھا۔ انہوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے نام مکتوب میں کہا تھا کہ وہ جموں میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کو شہر بدر نہ کئے جانے ، ڈوگرہ حکمرانوں کے کارناموں کو اسکولی کتابوں میں شامل نہ کئے جانے اور مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن پر تعطیل کا اعلان نہ کئے جانے کے خلاف پارٹی سے مستعفی ہورہے ہیں۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا” میں نے آج پی ڈی پی اور قانون ساز کونسل سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ آنریبل وزیر اعلیٰ کے نام تحریر کردہ اپنا مکتوب یہاں شیئر کررہا ہوں“۔ انہوں نے اپنا مکتوب میں لکھا تھا ” آپ کو یاد ہوگا کہ میں نے تین سال قبل مرحوم مفتی صاحب کی دعوت پر پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی“۔